بھوپال ،12؍اگست (ایس او نیوز؍ پریس ریلیز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی دو روزہ کانفرنس بروز سنیچر صبح گیارہ بجے بھوپال میں شروع ہوئی ،کانفرنس کے پہلے دن بورڈ کے ذمہ داران اورعلماء دین نے اصلاح معاشرہ کے پروگرام میں تیزی لانے اور اسے زمینی سطح پر منظم کرنے پر زور دیا، دو روزہ کانفرنس کا افتتاح تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، کانفرنس میں بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں بورڈ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے اصلاح معاشرہ کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک وہ خود کو زیور تعلیم سے آراستہ نہ کرے ، انہوں نے بورڈ کے اصلاح معاشرہ کے کام میں تیزی لانے اور اسے زمینی سطح پر منظم کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈکی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کنوینر حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے تحفظ شریعت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شریعت کاتحفظ اسی وقت ہو سکتاہے جب قوم تعلیمی ،سماجی اور اخلاقی طور پر با شعور ہو، انہوں نے بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے مشن کو آگے بڑھانے اور اس کے پروگرام کو صوبائی سطح سے کمشنری سطح تک منظم کرنے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی،انہوں نے یہ بات بھی کہی کہ اصلاح معاشرہ کاکام پھیلانے اور بڑھانے کے لیے علمائے کرام اور ائمہ عظام کی بھرپور توجہ کی ضرورت ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نامور شیخ طریقت اور کانفرنس کے کنوینر حافظ سراج الحسن مجددی صاحب نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بورڈ نے اصلاح معاشرہ کے شعبے کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ،اور یہاں سے بورڈ جو فیصلہ کرے گا اسے پورے ملک میں سناجائے گا۔ دو روزہ پروگرام کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے بورڈ کی مجلس عاملہ کے ممبر جناب عارف مسعودصاحب نے اپنے استقبالیہ خطبے میں کہا کہ مجھے بے حدخوشی ہے کہ بورڈ نے شعبۂ اصلاح معاشرہ اور سوشل میڈیا ڈیسک کی میٹنگ کے لیے دوروزہ کانفرنس کے انعقاد کے لیے بھوپال کا انتخاب کیا، اس دو روزہ کانفرنس کے پہلے دن پور ے مدھیہ پردیش سے ۲۰۰ ؍علماء اوردانشوروں کو مدعو کیا گیا۔ جنہوں نے تحفظ شریعت کے سلسلے میں اپنے مفید مشوروں سے نوازا اور کل ہونے والی سوشل میڈیا ڈیسک کی میٹنگ میں ۵۰؍آئی ٹی ماہرین شرکت کریں گے، ان کے مفید مشوروں سے بورڈ کوملت کے دینی امور کے تعلق سے بیدا ری پیدا کرنے میں مدد ملے گی اور بورڈ کے خلاف پھیلائی جا رہی غلط باتوں کا ازالہ ہو سکے گا۔
اس اہم نشست میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جبلپور سے تشریف لائے ہوئے مشہور شیخ طریقت حضرت مولانا حامد برہانی صاحب، بوہرہ سماج کے عالم شیخ مرتضی صاحب ،قاضی شہر بھوپال مولانا مشتاق علی ندوی صاحب ،حضرت مولاناحافظ محمد تقی صاحب، حضرت مولانا مفتی ذکاء اللہ مفتاحی صاحب، حضرت مولانا مسیح عالم جامعی صاحب ، حضرت مولانا تصور حسین فلاحی صاحب، حضرت مولانا محفوظ الرحمن فاروقی صاحب، پروفیسر حلیم خان صاحب، جناب عبدالوہاب پاریکھ صاحب، جناب منیر احمد خان صاحب شریک رہے۔
حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب کی دعا پر نشست کااختتام ہوا۔